لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست دوسرے بینچ کو بھجوانے سے انکار کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت آج ہونی تھی تاہم رہنما ن لیگ کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ تحلیل ہو گیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بینچ موسم سرما کی عدالتی تعطیلات کے باعث تحلیل ہوا۔
اب ذارئع کا بتانا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کسی دوسرے بینچ کو بھجوانے سے انکارکر دیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں ہی بینچ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں
مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ تحلیل
وفاقی کا بینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی
مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی
ذرائع کے مطابق بینچ تحلیل ہونے کے بعد دوسرا بینچ جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں سماعت کرتا مگر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان نے دوسرا بینچ لگانے کی استدعا منظور نہیں کی۔
لاہور ہائیکورٹ میں 8 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہیں جس کے بعد علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بینچ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے اور 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔