پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے پر شوبز شخصیات کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے فائرنگ کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ اللہ عمران خان کو سلامت رکھے۔
سینیئر اداکار شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی سلامتی کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی لکھا کہ خدا ان کا مددگار ہوگا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور فیصل جاوید خان سمیت دیگر کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس طرح کے واقعات ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرآباد میں لانگ مارچ کے آغاز پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کو عمران خان پر قاتلانہ حملہ قرار دیا گیا ہے جس میں فیصل جاوید بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے باعث عمران خان کی ٹانگ پر گولی لگی ہے جس کے باعث وہ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔