آنے والی رومانٹک پاکستانی فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی یوں تو شوٹنگ جاری ہے، تاہم وہ اپنی ریلیز سے قبل ہی خبروں میں ہے۔
ہدایت کار عاصم رضا کی اس رومانوی فلم کو رواں برس عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔
فلم میں اگرچہ مرکزی کردار مایا علی نبھاتی نظر آئیں گی، تاہم اس میں ماہرہ خان کی شرکت نے مداحوں کو پہلے ہی دیوانہ کردیا ہے۔
ابتداء میں یہ اطلاعات تھیں کہ ماہرہ خان فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم بعد ازاں یہ خبر سامنے آئی کہ وہ مرکزی کردار نہیں نبھائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مایا کی ’پرے ہٹ لو‘ میں ماہرہ کیا کررہی ہیں؟
تاہم تین دن قبل ہی ماہرہ خان نے اس فلم میں اپنی جھلک جاری کی تھی
ماہرہ خان نے ایک تصویر کی ویڈیو جاری کی تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ فلم میں خصوصی گانے پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔
تاہم اب انسٹاگرام پر ماہرہ خان کی ’پرے ہٹ لو‘ کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اور لوگوں کی جانب سے اداکارہ کے انداز کو سراہا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ماہرہ کی جگہ مایا علی ’پرے ہٹ لو‘ کی مرکزی اداکارہ
انسٹاگرام پر ماہرہ خان کے فین کی جانب سے بنائے گئے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں ماہرہ خان کو سرخ لباس میں گہرے میک اپ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان کے چہرے پر ایک آرٹسٹ میک اپ کر رہا ہے اور اس دوران اداکارہ کسی بات کے غصے کی وجہ سے اس آرٹسٹ کے میک اپ برش کو ہٹاتے ہوئے کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ ’پرے ہٹ‘۔
اداکارہ کی یہ مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور لوگوں نے اداکارہ کے انداز کو سراہا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان عاصم رضا کی پہلی فلم ’ہو مان جہاں‘ میں مرکزی کردار نبھا چکی ہیں، جس کے بعد عاصم رضا اپنی دوسری فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں بھی ماہرہ کو کاسٹ کرنے کے خواہش مند تھے۔
ابتدائی طور پر کہا جا رہا تھا کہ ماہرہ خان ہی ’پرے ہٹ لو‘ میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ مرکزی کردار ادا نہیں کریں گی، تاہم وہ فلم کا حصہ ہیں