’چھمک چھلو‘ کے گلوکار ایکون نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی


افریقی ملک سینیگال کے مسلمان خاندان کے ہاں امریکی شہر سینٹ لوئس میں پیدا ہونے والے امریکی گلوکار ایکون نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

ایکون کو زیادہ تر لوگ غیر مسلمان سمجھتے ہیں کیوں کہ 44 سالہ گلوکار نے کبھی بھی کھل کر اپنے مذہب سے متعلق بات نہیں کی، تاہم انہوں نے ماضی میں کچھ انٹرویوز میں اعتراف کیا تھا کہ وہ نہ صرف پیدائشی مسلمان ہیں بلکہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل کو ہی اپنی کامیابی کا راز سمجھتے ہیں۔

کم سے کم 5 میوزک البم دینے والے 44 سالہ گلوکار کا اصل نام دوسرا ہے تاہم شوبز و میوزک کی دنیا میں انہیں ایکون کے نام سے جانا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ ‘چھمک چھلو اور چگی وگی’ نمبر کرنے کی خواہاں

ایکون نے اب تک موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈ گریمی کے 5 ایوارڈ جیتنے سمیت کئی اعلیٰ ایوارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں جب کہ انہیں پسماندہ براعظم افریقہ میں متعدد فلاحی و سماجی منصوبے شروع کرنے کی وجہ سے کافی سراہا جاتا ہے۔

گلوکار کے ساتھ ان کے دوستوں نے بھی عمرہ کیا—فوٹو: ٹوئٹر

ایکون نے افریقہ کے کم سے کم ایک درجن سے زائد ممالک کو بجلی فراہم کرنے کا کارنامہ بھی انجام دے رکھا ہے جب کہ وہ افریقہ میں بچوں میں غذائی قلت، تعلیم اور لڑکیوں کی خودمختاری کے حوالے سے بھی کام کرتے ہیں۔

ایکون زیادہ تر افریقی اسٹائل میں امریکی گانے بنانے میں شہرت رکھتے ہیں اور ان کے اکثر گانے انگریزی میں ہی ہوتے ہیں تاہم انہوں نے عربی اور ہندی سمیت دیگر زبانوں میں بھی گانے گائے ہیں۔

جنوبی ایشیا میں ایکون کو اس وقت شہرت ملی تھی جب 2011 میں انہوں نے بھارت کی اس وقت کی مہنگی ترین فلم ’راون‘ کا مشہور گانا ’چھمک چھلو‘ گایا تھا۔

شاہ رح خان اور کرینہ کپور کی فلم ’راون‘ میں ایکون کے گائے گئے گانے ’چھمک چھلو‘ کو بہت سراہا گیا تھا اور اسی گانے کے بعد ہی جنوبی ایشیا میں گلوکار کے مداحوں میں اضافہ ہوا تھا۔

تاہم اب ان کی جانب سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہونے کے بعد کئی لوگ حیران رہ گئے۔

برطانوی اخبار ’انٹرنیشنل بزنس ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایکون نے حال ہی میں سعودی عرب کی حکومت کی دعوت پر وہاں میوزیکل پرفارمنس کی تھی اور اسی دوران ہی گلوکار نے عمرے کی سعادت بھی حاصل کی۔

ایکون کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں—فوٹو: ٹوئٹر
ایکون کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں—فوٹو: ٹوئٹر

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ ایکون نے سوشل میڈیا پر عمرے کرنے کی تصاویر شیئر نہیں کی تاہم ان کے دوستوں نے تصاویر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایکون نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ ہی عمرے کی سعادت حاصل کی اور انہوں نے عمرے کے دوران ہی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنوائی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایکون عام طور پر اپنے اہل خانہ اور اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا سے الگ رکھتے ہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے اہل خانہ کو میڈیا سے دور رکھا ہے۔

ایکون کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ زیادہ تر اپنی ذاتی زندگی اور اہل خانہ کے حوالے سے میڈیا میں بات نہیں کرتے تاہم وہ اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے 3 ازواج سے 6 بچے ہیں اور وہ ایک عام زندگی گزار رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں