راولپنڈی:
سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا۔
ڈرائی فروٹ میں چلغوزہ 9 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گیا، پستہ، بادام، اخروٹ، خشک خوبانی، کھجور، کاجو، مونگ پھلی، خشک انجیر کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، اشیاء خورونوش کے ساتھ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح جڑواں شہروں میں شدید سردی کی لہر کے دوران ڈرائی فروٹ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، شہریوں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے ڈرائی فروٹ کے تاجروں نے من مانا اضافہ کردیا ہے۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق چلغوزے 9 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ چکے ہیں، کچا چلغوزہ 5 ہزار روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے، اعلی کوالٹی کا پستہ 2 ہزار روپے جبکہ درمیانہ کوالٹی پستہ 1600 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، کاجو کی قیمت 2200 روپے کلو سے بڑھا کر 2600 روپے فی کلو ہوچکی ہے، کاغذی بادام کی قیمت 750 روپے فی کلو سے بڑھا کر 1000 روپے فی کلو ہوچکی ہے، کاغذی اخروٹ 400 روپے کلو سے بڑھ کر 800 روپے فی کلو ہوچکی ہے۔
خشک انجیر کی قیمت میں 300 روپے کلو اضافہ کردیا گیا جس کے بعد انجیر 650 روپے کلو ہوچکی ہے، خشک خوبانی کی قیمت 400 روپے کلو سے بڑھا کر 8 سو روپے کلو کردی گئی ہے، 220 روپے فی کلو ملنے والی کھجور کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، 50 روپے پاؤ ملنے والی مونگ پھلی 150 روپے پاؤ فروخت کی جارہی ہے۔
مارکیٹ میں جگہ جگہ ڈرائی فروٹ کے اسٹالز موجود ہیں لیکن خریدار ڈرائی فروٹ کی قیمتیں سن کر پریشان ہوجاتے ہیں اور خریداری نہیں کرتے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں کا تعین کرنے کے لیے نظام متعارف کرایا جائے تاکہ سردی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے شہری ڈرائی فروٹ کا استعمال کرسکیں۔