لاس ویگاس:
اسمارٹ فون کے دلچسپ اورعجیب غریب ڈیزائن سامنے آتے رہتے ہیں، اب لاس ویگاس کی ’’سی ای ایس 2020ء‘‘ نمائش میں مکمل طور پر گول اسمارٹ فون پیش کیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق 2015ء سے اس فون کے ڈیزائن پر کام جاری تھا۔
یہ جسامت میں فیس پاؤڈر کی گول ڈبیہ جیسا ہے اور اس سے سرکل نہیں بلکہ ’’سائرکل فون‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اپنی جسامت کی بنا پر یہ آسانی سے چھوٹی جیب میں سماجاتا ہے۔ چار سال قبل اس کی تیاری ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے کی تھی اور اس کے لیے کک اسٹارٹر پر کراؤڈ فنڈنگ کا آغاز کیا گیا تھا۔
اگرچہ اس میں ٹچ اسکرین اور کیمرے کی سہولت موجود ہے لیکن یہ صرف ٹوجی وائرلیس سپورٹ فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے لوگ اسے خریدتے ہوئے جھجھک محسوس کرسکتے ہیں تاہم جو لوگ نت نئے ڈیزائن کے فون پسند کرتے ہیں شاید وہ اسے خریدیں کیونکہ اسے کپڑے کی بیرونی تہہ پر آسانی سے چسپاں بھی کیا جاسکتا ہے۔
سائرکل فون پر تمام جدید ایپس کام کرتی ہیں اور اس سے سیلفی بھی لی جاسکتی ہے۔ اب پورے امریکا میں اس فون کی نمائش اور تعارفی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔