پی سی بی پہلے تقرر بعد میں اشتہار کی روش پر گامزن


 راولپنڈی: 

 پی سی بی پہلے تقرر بعد میں اشتہارکی روش پرگامزن ہے، سابق کرکٹر مشتاق احمد کو گذشتہ ہفتے بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا ’’انکشاف‘‘ جمعرات کو کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں کئی عہدیداروں کا انتخاب پہلے اور اشتہار بعد میں جاری کرنے کے ساتھ ایک نیا رجحان بھی متعارف ہوا ہے، حال ہی میں جنید ضیا کو خاموشی سے جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ مقرر کیا گیا،اب مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ بنانے کے ایک ہفتے بعد یاسر شاہ کے حوالے سے پریس ریلیز میں انکشاف کیا گیاکہ ان کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اشتہار آتے ہی میڈیا میں خبریں آ گئی تھیں کہ یہ پوسٹ مشتاق احمد کو سونپی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر کی گذشتہ ہفتے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے تقرری ہوئی، وہ 120 روز پر مشتمل اسائنمنٹ میں ڈومیسٹک، انڈر 16 اور انڈر 19بولرز کے ساتھ کام کریں گے، ضرورت پڑنے پر قومی ٹیم کو بھی دستیاب ہوں گے۔

دریں اثنا یاسر شاہ کو راولپنڈی میں موجود ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کرکے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، لیگ اسپنروہاں مشتاق احمد کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔ یاسر16 دسمبر کو قومی کرکٹ ٹیم کو کراچی میں دوبارہ جوائن کرلیں گے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔پہلا ٹیسٹ ان دنوں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے ۔ گزشتہ روز دوسرے دن کا کھیل بارش سے شدید متاثر ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں