پی سی بی نے پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا عزم کرلیا


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا عزم کرلیا ہے۔

پی ایس ایل فائیو کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ لاہور میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے فرنچائز مالکان کو کھانے پر مدعو کیا اور اس موقع پر پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے درمیان پی ایس ایل کے معاملات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں طے ہوا کہ پی ایس ایل فائیو کرانے کیلئے پی سی بی اور تمام فرنچائزز ایک پیج پرہیں۔ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ جن غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے میں تحفظات ہیں انہیں مل کر دور کیا جائے گا۔

اس حوالے سے انڈی پینڈنٹ کنسلٹنٹ کی بھی خدمات حاصل کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ انڈی پینڈنٹ کنسلٹنٹ ایک معروف بین الاقوامی شخصیت ہو جو کھلاڑیوں کے خدشات دور کرکے انہیں پاکستان آنے کیلئے آمادہ کرے۔

پی ایس ایل کے میچز فی الحال چار وینیوز لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں ہی ہوں گے۔ افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کرانے کی تجویز ہے۔

ڈرافٹ کے مطابق 13 میچز لاہور، 9 میچز کراچی ، 8 میچز راولپنڈی اور 4 میچز ملتان میں کرانے کی تجویز ہے۔

ملاقات میں پی ایس ایل سے متعلق معاملات کے حل کیلئے ورکنگ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں تمام 6 فرنچائزز کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی کی سربراہی ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کریں گے۔

کمیٹی میں بورڈ کے عہدیداران بھی شامل ہوں گے۔ ورکنگ کمیٹی ایک ماہ کے اندر پی ایس ایل فرنچائز کے تحفظات اور مطالبات پر بات چیت کرے گی اور تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حتمی فیصلے گورننگ کونسل ہی کرے گی ۔

ملاقات میں پی ایس ایل کی الگ شناخت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں