کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسٹاک ایکسچینج حملے کے لیے استعمال کی جانے والی گاڑی فروخت کرنے والے شوروم پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے نیو ٹاؤن کے قریب ایک شو روم پر چھاپہ مارا، اس شوروم سے وہ گاڑی خریدی گئی تھی جو دہشتگردوں نے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے لیے استعمال کی۔
چھاپے کے دوران شوروم کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا جب کہ شوروم کے مالک اور عملے سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔