پی ایس ایکس؛ ایک ہفتے میں حصص کی مالیت میں 199 ارب روپے سے زائد کا اضافہ


 اسلام آباد: 

کورونا کیسز کی تعداد میں کمی، شرح سود گھٹنے سے بینکوں کے ڈپازٹرز کی حصص مارکیٹ میں سرمائے کی منتقلی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتے بھی تمام کاروباری سیشنز میں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس 36100 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی جب کہ ہفتہ وار کاروبار میں تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مجموعی طور پر ایک کھرب 99ارب 16 کروڑ 42 لاکھ 42 ہزار967 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔

گزشتہ چند ماہ سے کورونا وباء کے کیپیٹل مارکیٹ پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے جس سے مارکیٹ کا انڈیکس 42000 پوائنٹس سے گھٹ کر 27000 پوائنٹس کی کم سطح پر آگئی تھی لیکن جوں جوں روپیہ مستحکم ہورہا ہے اور شرح سود میں کمی ہورہی ہے اسی طرح مارکیٹ میں سرمایہ کاری دلچسپی بڑھتی جارہی ہے۔ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے انشورنس، بینکنگ سیکٹر کے علاوہ انفرادی سرمایہ کاروں کے بعد میوچل فنڈ سیکٹر بھی متحرک رہا ہے، جس سے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہوگیا ہے۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کے انخلا کا سلسلہ جاری رہا لیکن پراعتماد سرمایہ کاری کے سبب 100 انڈیکس میں 3.2 فیصد کا مجموعی اضافہ ہوا جبکہ اوسطاً کاروباری حجم میں 39 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ہفتے وار کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طورپر 1139 پوائنٹس کے اضافے سے 36190 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس مجموعی طور پر 490.89 پوائنٹس کے اضافے سے 15693.71 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1195.05 پوائنٹس کے اضافے سے57654.37 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 478.22 پوائنٹس کے اضافے سے 17951.42 پر بند ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کم آمدنی کے حامل افراد کے لیے لوکاسٹ ہاؤسنگ فنانس اسکیم کے اعلان سے مارکیٹ میں لسٹڈ متعلقہ کمپنیوں جن میں سیمنٹ اور اسٹیل سمیت دیگر شعبے شامل ہیں میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھ جائے گی جو کیپیٹل مارکیٹ میں مزید بہتری کا باعث بنے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں