پی ایس ایل 6 ؛ پی سی بی نے فرنچائزز کی تشویش دورکردی


کراچی: 

پی سی بی نے پی ایس ایل 6 کے حوالے سے فرنچائزز کی تشویش دورکردی، حکام کے مطابق آئی سی سی آئندہ برس فروری، مارچ میں کسی ایونٹ کا انعقاد نہیں کرے گی، دوسری جانب رواں برس ادائیگیوں میں تاخیر کرنے والی فرنچائزز سے آئندہ ماہ 2 سال کی بینک گارنٹی لی جائے گی، دیگر کو اگلی فیس کی رقم کا پوسٹ ڈیٹڈ چیک دینا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن کورونا وائرس کی وجہ سے30 میچز کے بعد روک دیا گیا تھا، پی سی بی بقیہ چار میچز نومبرکے اواخر میں کرانا چاہتا ہے البتہ ابھی کچھ فائنل نہیں ہو سکا۔ رواں برس 18 اکتوبر سے 15نومبر تک ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ آسٹریلیا میں شیڈول ہے، مگر وائرس کی وجہ سے ایونٹ کو ملتوی کیا جانا تقریباً یقینی ہو چکا،البتہ آئی سی سی نے تاحال حتمی اعلان نہیں کیا، متبادل پلان کی صورت میں ورلڈکپ کو آئندہ برس فروری، مارچ میں منعقد کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

ان دنوں پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن بھی کھیلا جائے گا، ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں میٹنگ میں فرنچائزز نے پی سی بی حکام کے سامنے اس حوالے سے خدشے کا اظہار کیا، جواب میں ایک اعلیٰ عہدیدار نے انھیں یقین دلایا کہ آئندہ برس لیگ کی ونڈو میں کوئی آئی سی سی ایونٹ نہیں ہوگا۔ دوسری جانب کرکٹ بورڈ نے رواں برس ادائیگیوں میں تاخیر برتنے والی فرنچائزز سے2 سال کی بینک گارنٹی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دیگر کو اگلی فیس کی رقم کا پوسٹ ڈیٹڈ چیک دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس فرنچائزز کی درخواست پرپی سی بی نے بینک گارنٹی کی جگہ چیک لیے تھے، مگر بعض ٹیموں  نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں جس کی وجہ سے اب ان سے بینک گارنٹی ہی لی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں