پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز نومبر میں ہوسکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائزز کی مشاورت سےفیصلہ کریں گے کہ سیمی فائنل ہوں یا پرانا فارمیٹ رکھا جائے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث کرکٹ بورڈ کو مزید نقصان ہوسکتا ہے، پی ایس ایل کی گیٹ منی سے 200 ملین روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں مصباح الحق کی کارکردگی پر بورڈ کو کوئی تشویش نہیں ہے، مصباح الحق کوتجربہ فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد کا کوچ بنایا گیا تھا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کو پاکستان ٹیم میں آنے کے لیے فٹنس پر کام کرنا ہوگا، پی ایس ایل میں شرجیل خان فٹ نہیں تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد حفیظ پالیسی معاملات پر اثرانداز نہ ہوں جب کہ حسن علی کو نازیبا ویڈیو پر انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کردیا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور پھر پنجاب حکومت سے رابطے میں تھے جس کے بعد غور کر کے حتمی فیصلہ کیا گیا، فرنچائزز سے مل کر ایونٹ ری شیڈول کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ پی ایس ایل 5 کے 30 میچز ہوچکے ہیں اور اب 2 سیمی فائنلز اور فائنل ہونا باقی ہے ، شیڈل کے مطابق یہ میچز لاہور میں ہونے تھے۔
سیمی فائنل میں ملتان سلطانزکامقابلہ پشاور زلمی سےہونا ہے جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں لاہورقلندرز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گی۔