کراچی: پی ایس ایل 5 کا 26 واں ٹاکرا آج شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور قلندرز اور کراچی کنگز لیگ میں دوسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹاکرے میں لاہور نے کراچی کو شکست دی تھی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شائقین کومشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نزلہ اوربخارمیں مبتلا افراد میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہ جائیں۔
کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے بھی تماشائیوں کے لئے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کمشنر کراچی نے میچز دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق کھانسی، نزلہ یا زکام کی علامات کی صورت میں تماشائی اسٹیڈیم کا رُخ نہ کریں، اسٹیڈیم آنے والوں کی تھرمل اسکریننگ ہوگی۔
کمشنر کراچی نے شائقین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری صابن اور الکوحل والے سینیٹائزرز سے ہاتھ دھوئیں، چھینک کی صورت میں ٹشو پیپر یا رومال استعمال کریں اور ڈسٹ بن میں ڈالیں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتا جائے، اسٹیڈیم میں غیر ضروری طور پر کرسیوں، ریلنگ اور اسٹیل بار کو چھونے سے گریز کیا جائے، بخار اور کھانسی میں مبتلا شخص سے رابطے سے اجتناب برتا جائے، اسٹیڈیم میں سرِعام تھوکنے، پانی، خالی بوتلیں اور دیگر اشیا ہرگز نہ پھینکی جائیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کی اندرونی سیکیورٹی رینجرز نے سنبھال رکھی ہے، پولیس اور رینجرز کے افسران، اہلکار اور کمانڈوز کی بھاری نفری سیکیورٹی پر تعینات ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف پر نظر رکھی جائے گی، میچ دیکھنے والوں کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایاجائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 4 مقامات بنائے گئے ہیں، یونیورسٹی روڈ پر وفاقی جامعہ اردو گراؤنڈ اور ایکسپو سینٹر میں پارکنگ بنائی گئی ہے، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فُٹبال گراؤنڈ میں بھی شائقین اپنی گاڑیاں پارک کرسکیں گے، رعنا لیاقت علی خان گرلز کالج بالمقابل آغا خان اسپتال میں بھی پارکنگ بنائی گئی ہے، آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال جانے والے نیو ٹاؤن کی جانب سے جاسکیں گے، جب کہ اطراف کے رہائشی بھی شناختی کارڈ دکھا کر نیو ٹاؤن کی جانب سے جاسکیں گے۔