کراچی: پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ایک نئی کمپنی کرے گی ابتدائی چاروں ایڈیشنز میں یہ ذمہ داری نبھانے والا ادارہ نیا کنٹریکٹ حاصل نہیں کر پایا ایونٹ کا شیڈول تاحال فائنل نہیں ہوا البتہ 20فروری کو کراچی میں تقریب کے انعقاد کی تجویز زیرغور ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن آئندہ برس فروری میں شروع ہوگا، ایونٹ کے انعقاد میں اب صرف 2ماہ باقی ہیں البتہ حیران کن طور پر تاحال ابھی تک حتمی شیڈول تیار نہیں کیا جا سکا، پی سی بی نے اس بار تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی اور لاہور کے ساتھ بطور میزبان راولپنڈی اور ملتان کا بھی فیصلہ ہو چکا۔
ذرائع نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انعقاد کی تجویز ہے، اس سے قبل آئی ٹی ڈبلیو ٹرانس گروپ نے گذشتہ چاروں ایونٹس کی تقریب سجائی تھی، اس بارجلال اینڈ ستی نامی کمپنی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسے فنکاروں کے انتخاب سمیت تمام منصوبہ بندی اور پھر تقریب کا انعقاد بھی کرنا ہوگا۔
ماضی میں پی ایس ایل کی چاروں افتتاحی تقاریب کا بہتر اندازمیں انعقاد ہوا تھا، اب نئی کمپنی پرمعیار برقرار رکھنے کیلیے بھاری ذمہ داری عائد ہوگی۔ اس حوالے سے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ جی اینڈ ایس کمپنی افتتاحی تقریب کرائے گی، باقاعدہ طریقہ کار پر عمل کے بعد ہی اسے ہی ذمہ داری سونپی گئی، امید ہے کہ روایات کے عین مطابق بہترین تقریب کا انعقاد ہوگا۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لیگ کے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مجوزہ پروگرام کے تحت فائنل 22 مارچ کو لاہور میں ہونا ہے۔