پی ایس ایل 4 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، انگلش امپائرمائیکل گف بھی شامل


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 4 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

پی ایس ایل فور کا باقاعدہ آغاز 14 فروری سے ہونے جارہا ہے اور ایونٹ کے تمام میچز متحدہ عرب امارات سمیت پاکستان میں 8 میچز کھیلے جائیں گے جس کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات شامل ہیں۔

پی ایس ایل 4 میں  4 غیر ملکی اور 8 قومی آفیشلز فرائض سرانجام دیں گے، امپائرنگ کے لیے مائیکل گف، رچرڈ النگورتھ اور رینمور مارٹینز شامل ہیں جب کہ سری لنکا کے روشن ماہنامہ میچ ریفری کے فرائض نبھائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کے 6 امپائرز اور دو میچ ریفریز ایونٹ کا حصہ ہوں گے تاہم نامور پاکستانی امپائر علیم ڈار نجی مصروفیات کے سبب ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے مائیکل گف پاکستان میں ہونے والے میچز بھی سُپروائز کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق 3 رکنی ٹیکنیکل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی سابق ٹیسٹ اوپنر مدثر نذر کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں