لاہور: پی ایس ایل ون کی جگمگاتی ٹرافی اسلام آباد یونائیٹڈ نے تھامی، پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہونے کے باوجود ٹیم نے ایلمنیٹرز میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، فیصلہ کن معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھی زیر کرلیا۔
پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن 4سے 23فروری 2106تک یواے ای میں ہوا،اکتوبر 2015میں بڈز کا عمل مکمل کرنے کے بعد 20 امیدواروں میں سے 5کو فرنچائز ٹیمیں تشکیل دینے کا حق دیا گیا، اخراجات کو کنٹرول میں رکھنے کیلیے ٹیموں کا انتخاب امریکی بیس بال لیگ کی طرز پر ڈرافٹ کے ذریعے ہوا،ہر کیٹیگری سے مخصوص مالیت اور تعداد کے کرکٹرز کو منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ابتدائی ایڈیشن میں انٹرنیشنل کرکٹ کے بہت بڑے نام تو نہیں آئے لیکن میچز میں شائقین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا،پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملا،پی ایس ایل ون کا آغاز دبئی میں رنگارنگ تقریب سے ہوا، ڈبل لیگ کی بنیاد پر مقابلوں میں ہر ٹیم نے 2،2 بار حریفوں کا سامنا کیا۔
پشاور زلمی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر جگہ بنائی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی اتنے ہی پوائنٹس جوڑ کر دوسرے نمبر پر رہے،اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس تیسرے، کراچی کنگز(4)چوتھے اور لاہور قلندرز(4)رن ریٹ کے فرق کی وجہ سے پانچویں نمبر پر رہے۔
پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ایک رن سے ہرا کر براہ راست فائنل تک جگہ بنالی،دوسری طرف ایلمنیٹر ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 9وکٹ سے ہرادیا،ایلمنیٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوالیفائر ہارنے والی ٹیم پشاور زلمی کو دوسرے موقع سے بھی محروم کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی، فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹ سے زیر کرتے ہوئے پی ایس ایل کے اولین ٹائٹل پر قبضہ جمالیا، ناکام سائیڈ نے احمد شہزاد کے 64 رنز کی بدولت 7وکٹ پر 174کا مجموعہ ترتیب دیا۔
آندرے رسل نے 3 شکار کیے،اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، مین آف دی میچ ڈیوائن اسمتھ نے 73کی اننگز کھیلی،کراچی کنگز کے روی بوپارا مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے،ایونٹ کے دوران عمر اکمل کا خوب بیٹ چلا،انھوں نے لاہور قلندرز کی جانب سے 335 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے،روی بوپارا نے 329 رنز جوڑے،بولرز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل16 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے،پشاور زلمی کے وہاب ریاض 15شکار کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے۔