کراچی:
پی سی بی ترجمان کے مطابق اگلے روز میچ کھیلنے والی ٹیموں کیلیے تقریب میں آنا ممکن نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل5 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سجائی جائیگی، اس میں راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ میں شامل گلوکار فن کا مظاہرہ کرینگے،آفیشل ترانہ گانے والے چاروں گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی موجود ہونگے،آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ تقریب پر21 کروڑ روپے خرچ ہونگے، اس سے قبل جو کمپنی انعقاد کرتی تھی رواں برس اسے ذمہ داری نہیں سونپی گئی، نیشنل اسٹیڈیم میں گذشتہ چند روز سے تقریب کی ریہرسل بھی جاری ہے، ساؤنڈ سسٹم کو تقریباً روز ہی چیک کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا نیشنل اسٹیڈیم میں مقابلہ ہوگا، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی سائیڈز قذافی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔