پی ایس ایل فائیو کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، پی سی بی


کراچی: 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فرنچائز مالکان سے رابطہ کرکے پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے پاکستان سپر لیگ کے تمام فرنچائز مالکان سے کانفرنس کال پر رابطہ کیا جس میں پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

کراچی میں شیڈول ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا 27واں میچ مقررہ وقت پر شروع ہوگا، یہ میچ بند دروازوں میں کھیلا جائے گا جس میں صرف پی سی بی سے منظور شدہ مخصوص افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

سی بی نے تمام ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں اور اسپورٹنگ اسٹاف کو خواہش کے مطابق پی ایس ایل فائیو سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑ کر واپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگز کے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دے گی جب کہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اور اس دوران وہ  تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہے گا،

خیال رہے ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں