پی ایس ایل فائیو؛ کس نے کون سا ریکارڈ اپنے نام کیا ؟


لاہور / کراچی: 

پی ایس ایل فائیو میں اب تک کراچی کنگز کے بابر اعظم کا بیٹنگ میں 345رنز کے ساتھ راج رہا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین سب سے زیادہ 15وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن سیمی فائنل مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے، لیگ کے دونوں فیصلہ کن مقابلے منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، ایکسپریس نے پی ایس ایل کے سیمی فائنل سے قبل تک کے مقابلوں میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق کراچی کنگز کے بابر اعظم 345 رنز کے ساتھ ٹاپ پر رہے، لاہور قلندرز کے کرس لین 284 رنز کے ساتھ دوسرے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی اور لاہور قلندرز کے بین ڈنک 266 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ 113 رنز بنانے کا انفرادی ریکارڈ بھی لاہور قلندرز کے کرس لین کے نام رہا، پشاور زلمی کے کامران اکمل 101 رنز کے ساتھ دوسرے اور ملتان سلطانز کے ریلی روسوو 100 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

سب سے زیادہ 23 چھکے لگانے کا اعزاز لاہور قلندرز کے بین ڈنک کے نام رہا، لاہور قلندرز ہی کے کرس لین اور کراچی کنگز کے شرجیل خان 16، 16 چھکوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح سب سے زیادہ 155 رنز کی پارٹنرشپ لاہور قلندرز کے بین ڈنک اور سمت پٹیل کے درمیان ہوئی۔ کراچی کنگز کے شرجیل خان اور بابر اعظم 151 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔

لیگ کے دوران سب سے زیادہ 209 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی لاہور قلندرز کے نام ہے، قلندرز نے یہ اعزاز قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بنایا، کراچی کنگز 201 رنز کے ساتھ دوسرے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم 199 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین سب سے زیادہ 15 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی 13 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض 11 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبروں پر رہے۔ لاہور قلندرز کے سمت پیٹیل ایک اننگز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے 13 رنز دے کر 4 جب کہ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے بھی 18رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

سب سے زیادہ 8 کیچز پکڑنے کا ریکارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز کے نام رہا، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن 7 کیچز پکڑ کر دوسرے اور ملتان سلطانز کے جیمز ونس 6 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں