پی ایس ایل افتتاحی تقریب، علی عظمت بھی انتظامیہ پر برس پڑے


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں سیزن کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔

تقریب بہت بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی جس پر رپورٹس کے مطابق 21 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

افتتاحی تقریب میں جہاں پاکستان کی کئی نامور شخصیات نے شرکت اور اسٹیج پر پرفارم کیا وہیں عوام کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم پہنچی۔

تاہم افتتاحی تقریب سے جو امیدیں وابستہ کی گئیں تھی شاید یہ ان پر پوری نہ اتر سکی جس کے باعث سوشل میڈیا پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے راک اسٹار علی عظمت بھی اس شو سے زیادہ خوش نظر نہیں آئے جنہوں نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے علاوہ گلوکار ہارون رشید اور عاصم اظہر کو بھی شدید مایوسی ہوئی۔

افتتاحی تقریب کے فوری بعد علی عظمت نے وسیم بادامی کو ایک انٹرویو دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ شاید پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب وہاں موجود افراد کے بجائے ٹیلی ویژن ناظرین کے لیے بنائی گئی تھی۔

گلوکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ جب بھی اتنے بڑے ایونٹس منعقد کیے جاتے ہیں تو عموماً سب کچھ گڑبڑ ہی ہوجاتا ہے۔

علی عظمت کے مطابق ‘افتتاحی تقریب کے دوران وقت کا خیال بھی رکھنا تھا کہ کیوں کہ میچ بھی شروع ہونا تھا، اس لیے ترانہ ادھورا پیش کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ بہت سارے فنکار ناراض ہوکر گئے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘تیار ہو ترانے میں جو عاصم اظہر اور ہارون کا حصہ تھا وہ چلایا ہی نہیں گیا، ہارون نے غم و غصے کا اظہار بھی کیا، ہم نے دو دن تیاری کی، لیکن اسٹیج پر کچھ سمجھ ہی نہیں آرہا تھا کہ کیا پیش کیا جائے گا، انتظامیہ کو ایسا کرنا تھا تو پہلے بتانا چاہیے تھا کہ گانے کا شارٹ ورژن پیش کیا جائے گا’۔

علی عظمت کے مطابق ساڑھے تین منٹ کے گانے کو صرف 60 سیکنڈ کے لیے پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جب پی ایس ایل ترانے ‘تیار ہو’ کو ریلیز کیا گیا تھا تو اس وقت بھی سوشل میڈیا پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس گانے پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے علی عظمت اس وقت تو خاموش رہے البتہ اب اس انٹرویو میں انہوں نے کھل کر بات کی۔

علی عظمت نے بغیر نام لیے ماضی میں پی ایس ایل کے ترانے گانے والے فنکاروں پر الزام لگایا کے انہوں نے کچھ بلاگرز کو خرید کر ‘تیار ہو’ ترانے پر تنقید کروائی۔

اس پر جب وسیم بادامی نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ علی ظفر کی بات کررہے ہیں تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے نام بتانے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ جس دن پی ایس ایل 5 کا ترانہ ریلیز ہوا تھا اس دن ٹوئٹر پر علی ظفر کا نام ٹرینڈ کررہا تھا جس کے بعد انہوں نے دو ٹوئٹس بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘تیار ہیں’ کی ریلیز کے فوری بعد سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصرے

اپنی ایک ٹوئٹ میں علی ظفر نے مداحوں کی محبت کا شکریہ ادا کیا تھا جبکہ یہ درخواست بھی کی تھی کہ باقی فنکاروں کی بھی اتنی ہی تعریف کریں جتنی ان کی کی جارہی ہے۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں علی عظمت نے علی ظفر کے لیے صرف اتنا ہی کہا کہ مولا انہیں خوش رکھے۔

جبکہ تنقید انداز میں کہا کہ علی ظفر کے بارے میں کچھ بولوں گا تو کہیں وہ کیس نہ کردے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے، دوسرے اور تیسرے سیزنز کے ترانے علی ظفر نے گائے تھے جبکہ چوتھے سیزن کا گانا فواد خان نے گایا تھا۔

علی ظفر کے تینوں گانوں کو مداحوں کی جانب سے شاندار ردعمل موصول ہوا تھا جبکہ فواد خان کے گانے کو کسی نے پسند کیا تو کسی نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

‘تیار ہو’ میں علی عظمت کے ساتھ ساتھ ہارون شاہد، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے پرفارم کیا۔

یاد رہے کہ عاصم اظہر نے اس ترانے کی ریلیز کے بعد ہونے والی تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے معافی بھی مانگی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں