کراچی:
پی ایس ایل کی میزبانی کے حوالے سے بورڈ اور فرنچائزز کا اہم اجلاس جمعے کو ہوگا جب کہ ایونٹ یو اے ای منتقل کرنے کا سفر تیز ہونے لگا۔کراچی میں پی ایس ایل6 کو 14 میچز کے بعد بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے روک دیا گیا تھا، بقیہ مقابلوں کا یکم جون سے کراچی میں انعقاد کا اعلان کیا گیا مگر فرنچائزز نے بورڈ سے ایونٹ یو اے ای منتقل کرنے کی درخواست کر دی۔
گزشتہ دنوں مشترکہ طور پر خط بھی تحریر کیا گیا جس کے جواب میں حکام نے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی،این سی او سی کی جانب سے ایونٹ منتقل کرنے کے گرین سگنل پر پی سی بی نے ایونٹ کی یو اے ای منتقلی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
بورڈ ذرائع نے بتایا کہ امارات کرکٹ بورڈ سے رسمی رابطہ بھی کرلیا گیا، اب جمعے کو فرنچائز اونرز سے ورچوئل میٹنگ میں معاملات پر مزید غور کیا جائے گا،اگر جون میں میچز کا انعقاد نہ ہو سکا تو بورڈ کو اگلی ونڈو کی تلاش میں خاصی مشکل ہو گی۔
اسی لیے حکام کی کوشش ہے کہ اعلان شدہ تاریخوں یکم سے 20 جون تک ہی ایونٹ کو مکمل کر لیا جائے، فرنچائزز کو حکام اضافی اخراجات سے آگاہ کریں گے، بورڈ کو گراؤنڈ کے کرایے سمیت بھاری رقم خرچ کرنا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق چونکہ فرنچائزز نے خود ہی تجویز دی اس لیے ان کی جانب سے اضافی اخراجات پر اعتراض کا امکان کم ہی ہے، معاہدوں کے تحت جب تک لیگ مکمل نہیں ہوتی پی سی بی کو اسپانسر شپ اور میڈیا رائٹس کی بھاری رقم نہیں ملے گی، اس مالی نقصان سے بچنے کے لیے پی ایس ایل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔