کراچی:
پی ایس ایل 5 کو کورونا وائرس کی وجہ سے 30 میچز کے بعد ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا، پی سی بی رواں برس کے اواخر میں بقیہ 4 میچز کرانا چاہتا ہے مگر ابھی کوئی بات حتمی نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق تاحال بعض فرنچائزز نے اپنے مکمل واجبات ادا نہیں کیے، جمعرات کو ویڈیو لنک پر گورننگ کونسل کے اجلاس میں اس حوالے سے بات ہو گی، ٹیم مالکان نے ہمیشہ کمرشل ماڈل پر اعتراض کیا یہ معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
گزشتہ اجلاس میں جن امور پر اتفاق ہوا تھا اس پر کس حد تک عمل درآمد ہوا یہ بات بھی زیرغور آئے گی، ٹیکس کے معاملات پر بات ہوگی، اجلاس میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے فرنچائزز کو پی ایس ایل کا الگ ڈپارٹمنٹ بنانے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نمائندگی نہ ہونے پر مالکان اس فیصلے سے زیادہ خوش نہیں ہیں، وہ ایک الگ کمپنی بنانے کے حق میں تھے۔ شرکا کو پانچویں ایڈیشن کے سینٹرل انکم پول پر بھی اپ ڈیٹ کیا جائے گا، بقیہ چار میچز کے حوالے سے تبادلہ خیال ہونا ہے، ٹیموں کو مالکانہ حقوق طویل عرصے تک کیلیے دینے کے مطالبے پر بھی غور کیا جائے گا۔