پہلی بار آئی فون پرو اور میکس میں سات کیمرا لینس اور 21 موڈز شامل

پہلی بار آئی فون پرو اور میکس میں سات کیمرا لینس اور 21 موڈز شامل


امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے 12 ستمبر کو اپنے آئی فونز پیش کیے تھے، جن میں پہلی بار ٹائپ سی چارجر دیا گیا تھا۔

اسی طرح کمپنی نے پہلی بار آئی فونز کے مہنگے ترین ماڈیولز میں سات کیمرا لینس دیے ہیں اور اس بار کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کیمروں کی ٹیکنالوجی بھی بہتر بنادی گئی ہے۔

آئی فون کو ویسے بھی اس کے فیچرز اور کیمرا کوالٹی کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے، صارفین کا ماننا ہے کہ آئی فون کے کیمرے سے شوٹ کیے گئے مناظر اصلی مناظر جیسے ہی لگتے ہیں۔

شائقین کی پسندیدگی کو دیکھتے ہوئے اس بار کمپنی نے اپنے مہنگے ترین ماڈیولز یعنی آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے کیمروں میں سات لینسز دیے ہیں۔

دونوں فونز کے بیک پر تین جب کہ ایک سیلفی کیمرا دیا گیا ہے،جن میں جہاں سات لینس دیے گئے ہیں، وہیں ان کیمروں میں 21 موڈز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

عام طور پر اینڈرائیڈ فونز کے کیمروں میں تین لینس اور زیادہ سے زیادہ 10 موڈز ہوتے ہیں لیکن آئی فون میں موڈز کی تعداد تقریبا دو درجن ہے۔

آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے بیک پر مین کیمرا 48 میگا پکسل کا دیا گیا ہے جب کہ باقی دونوں کیمرے 12 میگا پکسلز کے ہیں۔

اسی طرح فونز کے فرنٹ پر 12 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور فونز کے تمام کیمروں کو جدید لینسز اور موڈز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

آئی فون کے بہترین کیمروں کی وجہ سے اس پر ہولی وڈ سمیت دیگر ممالک کی فلم انڈسٹریز میں ان کے کیمروں کی مدد سے فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں جب کہ زیادہ تر صحافی ملٹی میڈیا اسٹوریز کے لیے آئی فونز کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔

اس بار جہاں کمپنی نے آئی فونز کے کیمروں کی ٹیکنالوجی کو بہتر بنایا ہے، وہیں فونز کے سیکیورٹی فیچرز کو بھی اپگریڈ کردیا گیا ہے۔

آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کمپنی کی جانب سے اب تک پیش کیے جانے والے مہنگے ترین فونز ہیں اور انہیں مختلف میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ روپے سے شروع ہے جبکہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ 60 ہزار روپے سے شروع ہے اور ان فونز کے زیادہ میموری کے ماڈیولز کی قیمت اس سے زیادہ ہے۔

تاہم ایپل کے فونز پاکستان میں آنے کے بعد ٹیکسز لگنے کے بعد مزید مہنگے ہوںگے اور پاکستان میں سب سے سستا آئی فون 15 کا 128 جی بی ماڈیول کا فون ہوگا، جس کی قیمت 3 لاکھ 99 ہزار روپے تک پہنچ جائے گی۔

اسی طرح ترتیب وار تمام فونز کی قیمتوں میں پاکستان میں ٹیکس لگنے کے بعد 50 ہزار روپے سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا اضافہ ہوگا۔

پاکستان میں آئی فون میکس اور پرو کے تمام ماڈیولز کے فون کی قیمت پانچ لاکھ روپے سے بڑھ جائے گی اور کم سے کم میموری والے ماڈیول کی قیمت بھی پانچ لاکھ 54 ہزار روپے تک ہوگی۔

اسی طرح پاکستان میں آئی فون کا سب سے مہنگا اور سب سے زیادہ میموری یعنی 1024 جی بی ماڈیول کا فون 5 لاکھ 99 ہزار 999 روپے میں ملے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں