پنجاب میں 4 سالوں میں پولیو کا پہلا کیس رپورٹ

پنجاب میں 4 سالوں میں پولیو کا پہلا کیس رپورٹ


پنجاب میں 4 سالوں میں پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے، جو صوبے میں بیماری کے خلاف جنگ کے لیے ایک اہم دھچکا ہے، پنجاب میں آخری کیس 2020 میں رپورٹ ہوا تھا۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں واقع پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک نمائندہ نے تصدیق کی ہے کہ پولیو وائرس کا شکار ہونے والے بچے کی عمر 6 سال ہے جس کا تعلق ضلع چکوال سے ہے۔

مجموعی طور پر، پاکستان میں رواں سال یہ پولیو کا 12واں کیس رپورٹ ہوا ہے، اس سے قبل بلوچستان میں 9 اور سندھ میں 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

قومی ادارہ صحت کے نمائندہ نے کہا کہ تازہ ترین کیس میں وائرس کے مخصوص کلسٹر کی شناخت ابھی باقی ہے کیونکہ اس کی جینیاتی ترتیب ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تازہ ترین پولیو کا شکار ہونے والے بچے کی عمر 6 سال سے زائد ہے، جب کہ رواں سال میں ابھی 5 ماہ باقی ہیں اور گزشتہ سال کے 6 کیسز کے مقابلے میں رواں سال اب تک 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں پولیو کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب صرف اچھی خبر یہ ہے کہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

پولیو ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے، جو بنیادی طور پر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، وائرس اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے اور فالج یا موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

اس وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے، لیکن ویکسینیشن سب سے مؤثر تحفظ ہے، ہر امیونائزیشن وائرس کے خلاف بچے کے دفاع کو بڑھاتی ہے، بار بار لگائی جانے والی ویکسین نے دنیا بھر میں لاکھوں بچوں کی حفاظت کی ہے، جس سے پاکستان اور افغانستان تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہو گئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں