اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں دہشت گردی ختم ہوگئی، پشاور دھماکا ان کے منہ پرطمانچہ ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہیں، مسلمانوں یا کسی کی بھی دل آزاری کے عمل کو جرم کہا جاتا ہے، بامیان کے بتوں پر تمہاری دل آزاری ہوتی ہے تو امت مسلمہ کے جذبات کا احترام کیوں نہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عوام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور ریاست، حکومت اور تاجر کی سطح پر معاہدے منسوخ کردیں جب کہ آئندہ ایسے ممالک کے ساتھ تجارتی روابط ختم کیے جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ ہم نبی ﷺکے ناموس کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور آئندہ جمعے سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف پورے ہفتے احتجاج کریں گے۔
پشاور دھماکے کے حوالے سے سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ جو کہتے ہیں دہشت گردی ختم ہوگئی، پشاور دھماکا ان کے منہ پرطمانچہ ہے اور جو لوگ دھماکوں کی پیشگوئی کرتے ہیں، پہلے نظر ان کی طرف جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان جب بھی بات کرتا ہے بونگی مارتا ہے، جعلی حکمران ایسے لب و لہجے میں بات کرتا ہے، عمران خان باہر کا ایجنٹ ہے تاکہ معیشت تباہ کردی جائے۔
خیال رہے کہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مسجد سے متصل مدرسے کے مرکزی ہال میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد شہید جب کہ 112 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔