پاکستانی میوزک اور ڈرامہ انڈسٹری کے اکثر اوقات ہی ڈرامے اور گانے بھارت میں وائرل رہتے ہیں جنہیں وہاں کے لوگوں سمیت فنکاروں کی جانب سے بھی خوب سراہا جاتا ہے۔
ایسی ہی ایک مثال ابھی حال ہی میں سامنے آئی ہے۔
پاکستانی نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ کا او ایس ٹی پاکستان سمیت بھارت میں بھی تعریفیں سمیٹ رہا ہے۔
’عشق مرشد‘ ڈرامہ سیریل کا او ایس ٹی جہاں پاکستان میں بھی بے حد پسند کیا جا رہا ہے وہیں بھارتی معروف فنکار بھی اسے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
حال ہی میں بھارتی اداکار و گلوکار نے بھی ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ کا گانا اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ناصرف شیئر کیا بلکہ اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں، اداکار بلال عباس اور درِ فشاں کو بھی اپنی اسٹوری میں ٹیگ کیا۔
اس اسٹوری کو درِ فشاں کی جانب سے بعد ازاں ری شیئر بھی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی اداکار علی گونی نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اس گانے کو شیئر کیا ہے۔
علی گونی کی انسٹاگرام اسٹوری میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سفر کے دوران اپنی گاڑی میں پاکستانی او ایس ٹی سُن رہے ہیں اور ساتھ میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ گانا اُن کی والدہ کا پسندیدہ ترین گانا ہے۔