بالی ووڈ کی چنچل اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور نوجوان سیاستدان راگھو چڈھا کی 13 مئی کو ہونے والی منگنی کے ملبوسات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی دہلی کے کپورتھلا ہاؤس، کناٹ پیلس میں مختصر تقریب منعقد ہوگی، جس میں ان کے قریبی رشتہ دار اور عزیز و اقارب شرکت کریں گے۔
منگنی کی تقریب کے لئے اس نئے نویلے جوڑے نے مختلف رنگوں کے امتزاج کے لباس کا انتخاب کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاستدان راگھو چڈھا اپنے فیشن ڈیزائنر ماموں پون سچدیوا کی تیار کردہ آئوری رنگ کی اچکن زیب تن کریں گے جبکہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا ڈیزائنر منیش ملہوترا کا ہلکے کام والا تیار کردہ لباس پہنیں گی۔
ڈیزائنر پون سچدیوا کے مطابق راگھو چڈھا کی آئوری اچکن میں ہلکے گلابی رنگ کی استر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اسے خالص کھاڈی ریشم سے تیار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہلی میں ہونے والی منگنی کی تقریب میں 150 قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد کو مدعو کیا جائے گا، ’راگنیتی‘ منگنی تقریب میں سیاست اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات شرکت کریں گی۔