پاکستان میں تقریباً ڈھائی ماہ بعد کورونا سے ایک روز میں سب سے زیادہ 19 ہلاکتیں سامنے آگئیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 26670 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 660 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 19 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں تقریباً ڈھائی ماہ بعد ایک روز کے دوران کورونا سے 19 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آخری مرتبہ 6 اگست کو ایک روز کے دوران کورونا سے 21 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 24744 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6692 تک جا پہنچی ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 654 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 142348 ہوگئی ہے جب کہ 2587 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 101936 ہے اور 2319 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 15717 اور ہلاکتیں 148 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 38779 اور 1265 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 3564 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 84 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4091 اور 90 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ ملک میں 18 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد 12 رہی جو چند ہفتوں کے مقابلے میں 140 فیصد زیادہ ہے۔