پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ جنوبی افریقا کے دورے کے اختتام پر اہم پریس کانفرنس کرے گی جس میں دورے کی کارکردگی پر اور دیگر معاملات پر تفصیلات بتائی جائیں گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر جنوبی افریقا کے دورے کے بعد وطن واپس آنے پر پریس کانفرنس کریں گے اور میڈیا کو پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اپنی نئی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد لاہور اور کراچی کے میڈیا سے چیئرمین احسان مانی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔
پی سی بی نے کلچر کو تبدیل کرتے ہوئے سیریز کے بعد بھی پریس کانفرنس کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسٹر شائر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے وسیم خان اپنی ذمے داریاں 6 فروری کو سنبھالیں گے۔ پی سی بی نے وسیم خان کو کرکٹ امور کا نگران مقرر کیا ہے جبکہ انتظامی معاملات چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے پاس چلے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان ممکنہ طور پر 9 فروری کو لاہور میں پہلی پریس کانفرنس کریں گے۔ اگلے دن وہ کراچی کے صحافیوں سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ دونوں پریس کانفرنس میں احسان مانی بھی موجود ہوں گے۔
پی سی بی نے پہلی بار ایم ڈی کا عہدہ متعارف کراتے ہوئے ان کی تنخواہ 20 لاکھ روپے مقرر کی ہے اور انہیں پرکشش مراعات بھی دی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی بار جنوبی افریقا کا غیرملکی دورہ مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرے گی۔ اس سے قبل ٹیم غیر ملکی دورے پر روانہ ہونے سے قبل پریس کانفرنس کرتی تھی۔