پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکن جھولی میں ڈال دی،ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں رواں سال کا ایونٹ کولمبو میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی، پی سی بی 2022میں میزبان ہوگا۔
ایشیا کپ کی میزبانی رواں سال ستمبر میں پاکستان کو کرنا ہے،بھارتی ٹیم کی شرکت ممکن بنانے کیلیے چند میچز یا پھر پورا ایونٹ ہی یو اے ای میں کرانے کی بات چیت چل رہی تھی، کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک وینیو اور شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی، ان معاملات کو دیکھنے کیلیے ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں میزبانی کی تبادلے کی تجویز سامنے آئی، کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے کی وجہ سے ایشیا کپ کا پاکستان میں انعقاد بہت مشکل دکھائی دے رہا ہے.
ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں برس میزبانی سے دستبردار ہونے کیلیے رضا مند ہے، اس بار سری لنکا میں ایونٹ ہوگا، پاکستان اگلے ایشیا کپ کی میزبانی کر سکتا ہے جو2022 میں ہوگا، اگرچہ دونوں بورڈز رضا مند ہیں لیکن حتمی فیصلہ اے سی سی کے اگلے اجلاس میں کیا جائیگا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق صدر سری لنکا کرکٹ شامی سلوا کا کہنا ہے کہ اے سی سی نے ایشیا کپ سری لنکا میں کرانے کیلیے گرین سگنل دے دیا، پی سی بی بھی راضی ہے، ٹورنامنٹ کیلیے حکومت سے اجازت ملنے پر اپنے طبی ماہرین کے ساتھ مل کر حکمت عملی تیار کریں گے۔