چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری نے پاک-ایران کشیدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاع کا درست حق استعمال کیا، امید کرتا ہوں کہ پاکستان اور ایران سفارتی تعلقات استعمال کرتے ہوئے مسئلہ حل کریں گے۔
ڈان نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دفاع کا حق درست طور پر استعمال کیا ہے، ڈیوس میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات میں اعتراض نہیں کیا گیا۔
انہوں نے اپنے دور وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پچھلے 18 ماہ میں ایران کے ساتھ جو تعلقات قائم کیے، وہ پہلے کبھی نہ تھے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ دونوں برادر ممالک ہیں، اس قسم کا واقعہ نہ ہوتا تو بہتر ہوتا، مزید کہا کہ بہت افسوس ناک بات ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرتا۔
سابق وزیر خارجہ نے ایرانی حملے پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے ایران نے حملہ عوام کے دباؤ میں کیا،کیوں کہ بھارت بھی اپنے انتخابات کے وقت اسی طرح پاکستان پر دباؤ بڑھاتا رہا ہے۔