اسلام آباد:
سی پیک صنعتی تعاون کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں 4 اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں صنعتی تعاون کو فروغ دے رہا ہے، چین پاکستان میں زرعی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دے گا جب کہ زراعت کے فروغ کے لیے پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا۔
چینی سفیر نے کہا کہ تعلیم، صحت اور غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان سے تعاون کریں گے، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں 17 منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، اس کے علاوہ پاکستانی سائنسدانوں کو تربیت بھی دی جائے گی۔
چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتصادی ویژن رکھنے والی حکومت ہے، پاکستان میں معاشی حالات میں استحکام آ رہا ہے، ہماری حکومت کی پالیسی ہے کہ پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کریں جب کہ سی پیک کے تحت اقتصادی زون میں کوئی بھی ملک سرمایہ کاری کر سکتا ہے، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت پر مکمل اعتماد ہے۔