حرا مانی کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جنہیں اپنے ڈرامے ’دو بول‘ کی وجہ سے پاکستان بھر میں خوب شہرت ملی۔
اداکارہ گزشتہ سال اے آر وائے کے ڈرامے ’دو بول‘ میں جلوہ گر ہوئیں جس میں ان کے ہمراہ عفان وحید نے مرکزی کردار نبھایا۔
اس ڈرامے میں حرا مانی کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا جبکہ یہ گزشتہ سال کا کامیاب ڈراما بھی ثابت ہوا۔
مزید پڑھیں: ‘آج میں جو کچھ ہوں مانی کی وجہ سے ہوں’
اور اب حرا مانی کو اسی ڈرامے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز (پیسا) میں بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
جہاں اداکارہ کو ان کے ساتھی اور مداح اس نامزدگی کے لیے مبارکباد دے رہے ہیں وہیں حرا کے شوہر اداکار سلمان شیخ عرف مانی نے بھی ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
انسٹاگرام پر مانی نے ایوارڈ سے لی گئی ایک تصویر شیئر کی جس پر انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان میں شاید ہی کوئی ہو جس نے ایک میزبان کے طور پر شروعات کیں، کامیڈی کی، شوبز میں آنے سے پہلے شادی کی، دو بچوں کے بعد سنجیدہ اداکاری میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بہت کم وقت میں تم نے بہت کچھ حاصل کرلیا، تم ایک بہترین اداکارہ ہو، اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ایکشن سے پہلے اور کٹ کے بعد تم دل کی اچھی، عام سی گھریلو سی حرا ہو، ایسے ہی سر جھکا کر چلتی رہو‘۔
مانی کی اس پوسٹ پر حرا نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں۔
حرا مانی نے خود بھی ایوارڈ کی یہ تصویر شیئر کی جس پر انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ایوارڈ ملے نہ ملے ان کے لیے یہ نامزدگی ہی بہت بڑی بات ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ کا ڈراما ’دو بول‘ رومانوی کہانی پر مبنی تھا جس میں حرا مانی نے امیر گھر کی لڑکی جبکہ عفان نے ان کے گھر کے ملازم کا کردار نبھایا۔
پیسا ایوارڈز کی تقریب رواں سال فروری میں دبئی میں منعقد ہوگی۔