نئی دہلی: پاکستان سپر لیگ کے سیزن 6 میں شرکت کیلئے بھارت سے ابوظبی سفر کرنے والے تمام 25 افراد کو ویزے جاری کردیے گئے جن میں جنوبی افریقی کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو ویزے جاری ہوگئے۔ جبکہ جنوبی افریقا سے ابوظبی کے لیے سفر کرنے والے 27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوچکے ہیں۔
پاکستان سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ پر روانہ ہونے والے بیشتر افراد کے ویزے بھی جاری ہوئے۔
27 مئی کو دوپہر 2 بجے سے پہلے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر قرنطینہ کا پہلادن شمار ہوگا۔ جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر،ہرشل گبز، رائیلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ اور مائیکل اسمتھ کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔
ادھر محمد نواز کو بھی جنوبی افریقا سے ابوظبی پہنچنے کے لیے ویزا جاری ہوگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا اور بھارت سے سفر کرنے والوں کے ویزے تاخیر کا شکار ہیں، بھارت اور جنوبی افریقا کے چند افراد کے ویزے جاری ہونا باقی ہیں امید ہے آج رات تک باقی افراد کے ویزے بھی جاری ہو جائیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا تھا کہ ویزے مکمل ہوتے ہی بھارتی اور جنوبی افریقن آفیشلز ابوظبی پہنچیں گے، ویزوں کا عمل مکمل ہوتے ہی میچز کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔