پاکستان سپرلیگ؛ بھارتیوں کی خدمات پر بورڈ کی وضاحت


لاہور: 

 پی ایس ایل کیلیے بھارتیوں کی خدمات حاصل کرنے پر پی سی بی نے وضاحت پیش کردی۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی ڈائریکٹر بھارتی خاتون کو بنانے پر بورڈ کو تنقید کا سامنا ہے،اب اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران جہاں بہت سے مثبت پہلو سامنے آئے وہاں کچھ مواقع پر بہتری لانے کی نشاندہی بھی کی گئی لیکن یہ سب ہرگز غیر متوقع نہیں کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ ہے۔

متحدہ عرب امارات میںآپریشنل اور لاجسٹک معاملات کے دوران مشکلات کا اندیشہ کم رہتا تھا، افتتاحی تقریب کو کچھ شائقین نے ناپسند کیا تو بڑی تعداد نے سراہا بھی، پی سی بی اپنی خامیوں سے سیکھنے کے عمل پر یقین رکھتا ہے، جہاں تک لوگوں کی شہریت کا معاملہ ہے تو ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلیے مختلف ملکوں، خطوں اور ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد کام کررہے ہیں۔

اعلیٰ ٹیکنالوجی کی براڈکاسٹ کیلیے مقامی ذرائع دستیاب نہیں ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی نے دو شراکت دار کمپنیوں سے معاہدہ کررکھا ہے، کہیں مایوسی ضرور ہوگی مگر ایک بات واضح ہے کہ پی ایس ایل اس ملک کی لیگ اور پہلی بار تمام میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جارہے ہیں، پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلیے تمام مداحوں سے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی درخواست کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کی بے رنگ افتتاحی تقریب کیلیے 130بھارتیوں کی خدمات حاصل کرنے پر پی سی بی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اپنے ملک کے لوگوں کو موقع کیوں نہیں دیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں