پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں عالمی وبا تیزی سے پھیلنے کے باوجود لاک ڈاؤن کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم شاہ سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت دنیا ایک بھیانک وبا کا سامنا کررہی ہے جس نے پوری دنیا کی معیشت اور معاشروں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کئی لحاظ سے انسانیت اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی سپرپاور جس کے پاس جدید میزائل اور اسلحہ ہے آج وہ خود ہیبت کی تصویر پیش کررہے ہیں کیونکہ ان کے پاس اس بیماری سے متاثر افراد کا علاج نہیں اور اس کا نظام صحت بھی لڑکھڑا رہا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایک نئی بات سامنے آئی ہے کہ قوموں کی طاقت صرف اسلحے کے ساتھ بلکہ ان کے انسانی وسائل کے تحفظ کے ساتھ بھی ہوتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ جتنا ضروری یہ ہے کہ قومیں اسلحے پر پیسے خرچ کریں اتنا ضروری یہ ہے کہ قومیں اپنے انسانوں کی بقا اور صحت کے لیے ایسا انفراسٹرکچر کھڑا کریں جس سے انہیں کوئی خطرہ محسوس نہ ہو۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں زیادہ خطرہ ہے کیونکہ وبا کا عروجمئی کے آخر سے ستمبر کے درمیان کسی بھی وقت آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس وبا کا مقابلہ کرنے کا نیا راستہ پیش کیا ہے اور ہم دنیا کا واحد ملک ہیں جہاں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور ملک میں لاک ڈاؤن کھول دیا ہے اور لوگوں کو بازاروں، سڑکوں پر کھلے اجتماع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔