اسلام آباد: پاکستان اور روس کی پارلیمان کے ایوان زیریں نے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔
یہ معاہدہ جمعرات کو ماسکو میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور روسی فیڈریشن کے اسٹیٹ ڈوما کے چیئرمین ویچسلاو وولودن کے درمیان طے پایا۔
معاہدے کا مقصد دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور پارلیمانی کمیٹیوں، کمیشنز اور دوستی گروپوں کے ذریعے مستقل تعاون کے میکانزم قائم کرنا ہے۔
پانچ رکنی پارلیمانی وفد، جس کی قیادت سردار ایاز صادق کر رہے ہیں، روس کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہے۔
اپنے ابتدائی کلمات میں سردار ایاز صادق نے مسٹر وولودن کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی پر زور دیا اور کہا کہ وہ روسی وفد کے کئی اراکین کے ساتھ گزشتہ دہائی سے قریبی تعلقات رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسٹر وولودن کا پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اسپیکرز کانفرنس کے انعقاد میں پاکستان کی تجویز کی حمایت پر مسٹر وولودن کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں جانب نے اتفاق کیا کہ اس کانفرنس کا چوتھا اجلاس 2025 میں ماسکو میں منعقد ہوگا