سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ بارش کے باعث کچھ دیر رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا۔
سنچورین میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے امام الحق کی شاندار سنچری اور بابراعظم اور حفیظ کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا لیکن 25 کے انفرادی اسکور پر ہاشم آملہ حسن علی کی گیند پر بابراعظم کو آسان کیچ دیکر آؤٹ ہو گئے۔
کوئنٹن ڈی کوک کو 33 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان نے شاندار تھرو کر کے رن آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا نے 17 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے تھے کہ بارش اور تیز ہوا کے باعث میچ روک دیا گیا اور وکٹوں کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا تاہم کچھ دیر بعد بارش رکتے ہی میچ دوبارہ سے شروع ہو گیا۔
کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔
فخر زمان ایک مرتبہ پھر امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہے اور جنوبی افریقا کی جانب سے اپنے ون ڈے کیرئیر کا پہلا میچ کھیلنے والے بیرن ہینڈرکس کی گیند پر غلط شارٹ کھیلتے ہوئے 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں بلے بازوں کے درمیان 132 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
بابر اعظم 136 کے مجموعی اسکور پر 69 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ڈیل اسٹین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
محمد حفیظ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ امام الحق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی پانچویں سنچری اسکور کی۔
امام الحق نے ون ڈے کیرئیر کی 19 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کیا اور وہ 101 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
امام الحق نے اپنے کیرئیر کی سنچری اسکور کرنے کے بعد پویلین کی جانب دیکھتے ہوئے ہاتھوں کے اشارے سے ناقدین کو چپ رہنے کا اشارہ کیا جہاں چیف سلیکٹر پی سی بی اور ان کے ماموں انضمام الحق نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ کھڑے ہو کر انہیں شاباش دی۔
شعیب ملک 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین اور کگیسو ربادا نے 2،2 جب کہ تبریز شمسی اور بیرن ہینڈرکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔