پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں اتارچڑھاؤ کا شکار


 کراچی: 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیاں منفی ومثبت خبروں کی لپیٹ میں رہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیاں منفی ومثبت خبروں کی لپیٹ میں رہیں، حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان کیپیسٹی چارجز اور منافع کے معاملے پرمعاہدے، سیمنٹ فرٹیلائزر گاڑیوں کی فروخت بڑھنے کے اعدادوشمار اور صنعتوں سے جی آئی ڈی سی کی مد میں صارفین سے وصول کی جانے والی 471 ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے عدالتی فیصلے سے مارکیٹ کی سرگرمیاں اتار چڑھاؤ کا شکار ہوئی اور ہفتہ وار کاروبار میں محدود پیمانے پرتیزی رونما ہوئی۔

ہفتہ وارکاروبار کے دوران اتارچڑھاؤ کے بعد مجموعی طورپرمحدود تیزی سے انڈیکس کی 40200 پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی۔ 5 روزہ کاروبار میں 3 سیشنز میں مندی اور 1سیشن میں تیزی رہی۔ مجموعی طورپر تیزی کےباعث حصص کی مالیت میں 10ارب 60 کروڑ 67لاکھ 96 ہزار755 روپے کامزیداضافہ ہوا جس سےمارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھکر 74کھرب 34ارب 56 کروڑ 39لاکھ 47 ہزار 995 روپے ہوگیا۔

ہفتے وار کاروبارمیں 100 انڈیکس 261.05  پوائنٹس بڑھکر 40290.74 پوائنٹس پربند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 241.37 پوائنٹس بڑھکر17538.41 پوائنٹس پربند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 422.90 پوائنٹس بڑھ کر64483.33 پوائنٹس پربند ہوا اورکے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 89.94 پوائنٹس بڑھ کر 19592.84 پوائنٹس کی سطح پربند ہوا۔


اپنا تبصرہ لکھیں