پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد عامر پُر امید ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب بھی سیمی فائنل میں جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو سیمی فائنل میں جا سکتا ہے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں شرکت کے دوران شائقین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد عامر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے امیدیں جوڑ لیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیم رن ریٹ اچھا رکھتی ہے تو بالکل سیمی فائنل میں جا سکتی ہے لیکن اس کے لیے انہیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی ہو گی اور 400 سے 450 رنز اسکور کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم 400 اسکور کرتی ہے تو انگلینڈ کو 112 پر آل آؤٹ کرنا ہو گا پھر ہم سیمی فائنل میں جا سکیں گے۔
مایہ ناز بالر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر فخر زمان کی بیٹنگ کلک کر گئی، جیسے نیوزی لینڈ کے خلاف کر گئی تھی تو پاکستانی ٹیم اتنا اسکور تو بنا سکتی ہے اور اگر پاکستان پہلے بالنگ کرتا ہے تو بہت مشکل ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنلز میں جگہ بنا چکے ہیں۔
اب صرف پاکستان اور نیوزی لینڈ چوتھی پوزیشن کے لیے آمنے سامنے ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کے باعث نیوزی لینڈ کا پلا پاکستان پر بھاری ہے۔