پاکستانی نژاد امریکی صحافی صدارتی مباحثے کی نظامت کریں گی


واشنگٹن: پاکستانی نژاد امریکی صحافی آمنہ نواز نے امریکی صدارتی مباحثے کے لیے ماڈریٹر منتخب ہو کر تاریخ رقم کردی، وہ یہ اعزاز پانے والی پہلی جنوبی ایشیائی امریکی صحافی ہیں۔

پی بی ایس نیوز آور سے وابستہ آمنہ نواز ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کی لویولا میری ماؤنٹ یونیورسٹی میں 19 دسمبر کو ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے چھٹے پرائمری مباحثے کو ماڈریٹ (نظامت) کریں گی۔

پی بی ایس نیوز آور کے اینکر اور منیجنگ ایڈیٹر ووڈرف پینل کی سربراہی کریں گے جس میں ’پولیٹکو‘ کمپنی کے چیف پولیٹیکل نمائندے ٹم البرٹا اور پی بی ایس نیوز آور کے وائٹ ہاؤس نمائندے یمیچ الکنڈور بھی شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کیلئے سائنٹیفک اچیومنٹ ایوارڈ

امریکی ریاست ورجینیا میں پیدا ہونے والی آمنہ نواز اپریل 2018 میں پی بی ایس نیوز آور سے وابستہ ہوئی تھیں اور اب سینئر قومی نمائندہ اور متبادل اینکر کے طور پر فرائض انجام دیتی ہیں۔

پی بی ایس نیوز آور سے قبل وہ اے بی سی نیوز میں نمائندے اور اینکر کی حیثیت سے کام کرتی تھیں اور وہیں انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات کی کوریج بھی کی تھی۔

اس سے قبل وہ این بی سی نیوز میں غیر ملکی نمائندے کی حیثیت سے کام کرتی تھیں اور سرحدی خطے کے علاوہ، پاکستان، افغانستان، شام اور ترکی کی رپورٹنگ کرتی تھیں۔

وہ این بی سی کے ایشیئن امریکن پلیٹ فارم کی بانی اور سابق منیجنگ ڈائریکٹر تھیں جو امریکا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی آواز بلند کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد اداکار کمیل ننجیانی ہولی وڈ جاسوسی فلم میں کاسٹ

نیوز آور میں آمنہ نواز نے سیاست، امور خارجہ، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، ثقافت اور کھیل کے حولے سے رپورٹنگ کی۔

اس کے ساتھ انہوں نے ٹرمپ حکومت کی امیگریشن پالیسیوں کے اثرات، حراست، مہاجرین اور پناہ کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت کی حراست میں موجود مہاجرین بچوں کے حوالے سے رپورٹنگ کی تھی۔

آمنہ نواز نے کئی اہم شخصیات کے بھی انٹرویوز کیے جن میں ترک صدر رجب طیب اردوان، اسکاٹ لینڈ کے وزیر نکولا اسٹرجن اور برازیلین رہنما ایڈوارڈو بولسو نارو، قانون ساز اور ٹرمپ حکومت کے عہدیداران شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد کامیڈین امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے

انہوں نے موسمیاتی تبدیلوں پر ایمزون کے اندر سے اور پناہ گزینوں کے مسئلے پر وینزویلا سے بھی رپورٹنگ کی۔

2019 میں انہیں نیوز آور کی پلاسٹک کے عالمی مسئلے کے اوپر بنائی گئی سیریز میں رپورٹنگ پر پی باڈی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں