پاکستان نے شوٹنگ میں ایک اور اولمپک کوٹہ جیت لیا، ایشین چیمپئن شپ کے ائیر پسٹل ایونٹ میں گلفام جوزف نے شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپکس تک رسائی حاصل کرلی، پاکستان کے تین شوٹرز اولمپکس کا ٹکٹ حاصل کرچکے ہیں۔
قطر کے شہر دوحا میں ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ جاری ہے جہاں پاکستان کے 19 سالہ گلفام جوزف نے ائیر پسٹل ایونٹ کی فائنل فہرست میں جگہ بنا کراولمپک کوٹہ حاصل کرلیا۔
گلفام جوزف نے پہلی بار کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپکس کا ٹکٹ حاصل کیا۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری رضی احمد نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے تین شوٹرز نے اولمپکس تک رسائی حاصل کی ہے، خلیل اختر، غلام مصطفیٰ بشر پہلے ہی اولمپکس میں پہنچ چکے ہیں، ماضی میں پاکستانی شوٹرز نے اولمپکس میں شرکت تو کی لیکن ان تمام شوٹرنے وائلڈ کارڈ انٹری کی بدولت اولمپکس تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ اولمپک کوٹہ، ورلڈ کپ یا ایشین چیمپئن شپ پوائنٹس لینے کے بعد کھلاڑی کو حاصل ہوتا ہے۔
رضی احمد نے بتایا کہ وائلڈ کارڈ انٹری انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی دیتی ہے جس کا انحصار کارکردگی پر نہیں ہوتا جبکہ اولمپک کوٹہ کیلئے کھلاڑی کو انٹرنشینل سطح پر پرفارم کرنا ہوتا ہے جس کے بعد وہ اولمپکس تک رسائی حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بنیاد پر یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے تین شوٹر اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس میں حصہ لیں گے۔