پاکستانی شوٹر غلام بشیر کو ٹوکیو اولمپکس کا پروانہ مل گیا

پاکستانی شوٹر غلام بشیر کو ٹوکیو اولمپکس کا پروانہ مل گیا


پاکستانی شوٹر غلام بشیر  کو ٹوکیو اولمپکس کا پروانہ مل گیا۔

دوحہ میں ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی شوٹر غلام مصطفی بشیر نے رپٹ فائر پسٹل ایونٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی جس کی بنیاد پر انہیں ٹوکیو اولمپکس کا کوٹہ مل گیا۔

نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری رضی احمد نے بتایا کہ ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں غلام مصطفی نے فائنسلٹ شوٹرز میں جگہ بنائی اور پھر پانچویں پوزیشن لیکر اولمپک کوٹہ حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ غلام بشیرپہلے پاکستانی شوٹر ہیں جنہوں نے مسلسل دوسری بار اولمپکس کوٹہ جیتا جبکہ خرم انعام نے 2 بار اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی لیکن انہیں وائلڈ کارڈ انٹری ملی تھی۔

پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے غلام بشیر ریو اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، جہاں غلام مصفطی نے پاکستانی پرچم اٹھا کر مارچ پاسٹ میں حصہ لیا تھا۔

رضی احمد نے بتایا کہ 2 ماہ قبل پاکستان آرمی کے خلیل اختر نے بھی رپٹ فائر پسٹل میں اولمپکس کوٹہ جیتا تھا، وہ بھی ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کریں گے اور یہ پہلا موقع ہے کہ اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کے 2 شوٹرز نے اولمپکس کوٹہ جیتا ہے۔

ٹوکیو اولمپکس آئندہ سال جاپان میں ہوں گے اور اب تک صرف پاکستانی شوٹرز اولمپکس تک رسائی حاصل کرسکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں