پاکستانی اینیمیٹڈ فلم ڈونکی کنگ ایمازون پر ریلیز


سیاست پر مبنی فلم ساز عزیز جندانی کی اینیمیٹڈ فلم ‘دی ڈونکی کنگ’ مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنانے کے بعد انگریزی زبان میں امریکا اور برطانیہ میں ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ ایمازون پرائم پر ریلیز کردی گئی۔

‘دی ڈونکی کنگ’ کو ابتدائی طور پر 2018 میں سب سے پہلے اردو زبان میں پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کو کہانی کی وجہ سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

‘دی ڈونکی کنگ’ کی کہانی ‘آزاد نگر’ نامی جانوروں کی ایک سلطنت پر مبنی ہے، جس کے بادشاہ یعنی شیر ریٹائر ہوکر اپنی سلطنت کسی نئے بادشاہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ بن جاتی ہے، جب ایک گدھے کو سلطنت کے راجا کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔

گدھے کو ایک چالاک لومڑی اس عہدے کے لیے تجویز کرتی ہیں، تاہم گدھا سلطنت کا نیا راجا بننے کو تیار نہیں ہوتا۔

چالاک لومڑی کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد ہی گدھا راجا بننے کو تیار ہوجاتا ہے لیکن کہانی اس کے انتخاب کے گرد ہی گھومتی ہے اور اس دوران کئی دلچسپ واقعات سامنے آتے ہیں۔

فلم نے پاکستان میں ہی 25 کروڑ کی کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ
فلم نے پاکستان میں ہی 25 کروڑ کی کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ

فلم نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کی تھی، جس کے بعد مذکورہ فلم کو ڈبنگ کرکے اسپین اور روس میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

دی ڈونکی کنگ کو اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم کا اعزاز بھی حاصل ہے اور فلم کو مجموعی طور پر 10 زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے۔

فلم ساز عزیز جندانی کے مطابق دی ڈونکی کنگ کی کہانی کی پذیرائی کے بعد اسے برطانوی اور امریکی فلمی شائقین کی فرمائش پر ایمازون پرائم میں ریلیز کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہانی کی بدولت فلم عالمی سطح پر مقبول ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں لوگ اینیمیٹڈ فلم کو دیکھنا چاہ رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں