پاکستانی امریکن علی سجاد کا کیلیفورنیا سے الیکشن لڑنے کا اعلان

پاکستانی امریکن علی سجاد کا کیلیفورنیا سے الیکشن لڑنے کا اعلان


پاکستانی امریکن علی سجاد نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ڈسٹرکٹ 67 سے ریاستی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، الیکشن جیتے تو وہ کیلیفورنیا کی اسمبلی میں منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی امریکن ہونےکا اعزاز بھی حاصل کرلیں گے۔

علی سجاد اسی ریاست کے حلقہ 67 کے شہر آرٹیشیا سے تیسری بار میئر ہیں، وہ لیگ آف کیلیفورنیا سیٹیز کے صدر  بھی رہ چکے ہیں، سیاست میں علی سجاد نے بحثیت کونسلر قدم رکھا تھا اور اب سن 2026 میں ہونے والے ریاستی الیکشن میں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کا امیدوار بننا چاہتے ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی پرائمری یعنی پارٹی کا کون سا لیڈر اس حلقے کی نمائندگی کرتا ہے اس کا فیصلہ جون 2026 میں ہوگا، تاہم علی سجاد کی پوزیشن اس لحاظ سے مضبوط ہے کہ انہیں حلقہ کی 12برس تک نمائندگی کرنے والی ڈیموکریٹک رہنما شیرون کویرک سلوا کی بھرپور توثیق حاصل ہوگئی ہے، شیرون چونکہ اب مزید نمائندگی نہیں کرسکتیں اس لیے انہوں نے علی سجاد کو موزوں ترین امیدوار قرار دیا ہے۔

شیرون کویرک سلوا کا کہنا ہے کہ علی سجاد کمیونٹیز کی ضروریات سے آگاہ ہیں اور انہیں اس بات کا تجربہ بھی ہے کہ اپنے وعدے کیسے پورے کیے جاتے ہیں اور  وہ حلقے کی بہترین نمائندگی کے اہل ہیں۔

علی سجاد کی توثیق کرنے والے دیگر ڈیموکریٹک رہنماؤں میں سینیٹر جاش نیومین، اسٹیٹ ٹریثرر فی اونا مے، رکن اسمبلی کاٹی پیٹری نوریس، رکن اسمبلی بلانکا پاچیکو، رکن اسمبلی مائیک گبسن، سینیٹر باب آرچولیٹا اور دیگر شامل ہیں۔

الیکشن لڑنے کا اعلان کرنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں نمائندے سے بات کرتے ہوئے علی سجاد نے کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ فوراً ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگ ان کی توثیق کر رہے ہیں، کوشش ہوگی کہ الیکشن جیت کر تعلیم، لوگوں کے تحفظ اور ہاؤسنگ کے معاملات بہتر بناؤں، ساتھ ہی ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور کیلیفورنیا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کروں۔

کیلیفورنیا کا ڈسٹرکٹ 67 ڈیموکریٹس کی جانب رجحان رکھنے والا حلقہ ہے جس میں ڈیموکریٹس کی تعداد 55 فیصد اور ری پبلکنز کی تعداد 45 فیصد کے لگ بھگ ہے، اس حلقے میں جنوبی ایشیائی افراد صرف 5 فیصد کے قریب ہیں جبکہ ایسٹ ایشینز کی نمایاں تعداد آباد ہے، علی سجاد کو ان کمیونٹیز ہی کے ووٹوں پر انحصار کرنا ہوگا،اچھی بات یہ ہےکہ کئی سرکردہ ایسٹ ایشینز لیڈربھی علی سجاد کی توثیق کرنیوالوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے علی سجاد کا آبائی تعلق لاہور سے ہے، ان کے والد شجاع الحسن بینکاری کے شعبے کی نمایاں شخصیت رہے ہیں اور پاکستان کے ایک بہت بڑے بینک کے صدر تھے۔

شجاع الحسن امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں سماجی خدمات کے حوالے سے بھی انتہائی شہرت کے حامل رہے ہیں، جس پر علی سجاد کا کہنا ہےکہ لوگوں کی خدمت کا جذبہ انہیں ورثے میں ملا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں