پاور سیکٹر کے ایک کھرب 67 ارب روپے کے قرضوں کی ری شیڈولنگ منظور


اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے شعبہ توانائی کے ایک کھرب 67 ارب روپوں کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کے لیے سیلز مارجن میں بھی اضافے اور کراچی پورٹ پر گزشتہ کئی ماہ سے پھنسی ایک ہزار 107 درآمد شدہ گاڑیاں کلئیر کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پلاننگ کمیشن کی مخالفت کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمشنرز کے مارجنز میں 6.5 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

اس کے ساتھ کمیٹی نے وزارت توانائی کی تجویز پر پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے 136 ارب 45 کروڑ اور 30 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ محکمہ تجارت کی تجویز پر ای سی سی نے ایسی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد، رہائش کی منتقلی اور تحائف اسکیموں پر غور کیا، جن کی ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی مقامی کرنسی میں ہوتی ہے،ساتھ ہی کمیٹی نے درآمد کنندگان کو اجازت دی کہ وہ مقامی ذرائع سے ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی کیلئے مطلوبہ ترسیلات زر کا مناسب انتظام کریں۔

اس سے درآمد کنندگان کو مقامی ذرائع کے ذریعے ڈیوٹیز اور ٹیکس کی ادائیگی کیلئے مطلوبہ غیر ملکی ترسیلات زر کے انتظام میں کسی قسم کی کمی کو پورا کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ای سی سی کے اس فیصلے سے کراچی بندرگاہ پر پھنسی ہوئی کل 1017 گاڑیاں کلیئر کرنے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں گی۔ کابینہ کی رابطہ کمیٹی نے وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو چکدرہ۔چترال روڈ پروجیکٹ (این 45) کے تحت سیکشن III کالکٹک تا چترال (48 کلومیٹر) کے لیے مشاورتی خدمات کے حصول کے لیے پیش رفت کی غرض سے تجویز کی بھی منظوری دی۔

کابینہ کی رابطہ کمیٹی نے ای پی سی ایل جنوبی افریقہ کے 8.5 فیصد اضافی حصص کے حصول کی خاظر فنانس ڈویژن کی تجویز کو بھی منظور کیا جس سے اسٹینڈ بائی لیٹر آف کریڈٹ میں 2.7 ملین ڈالر کا اضافہ کیا گیا جو پیکجز لمیٹڈ کی مجموعی سرمایہ کاری کو 17.7 ملین ڈالر تک پہنچائے گا۔

ای سی سی نے ڈیفنس ڈویژن کی الگ الگ تجاویز پر سپیشل سیکیورٹی ڈویژن (شمالی) کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے 6.210 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور مغربی سرحد پر تعینات فوجی دستوں کی اندرونی سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 4.966 ارب روپے کی ایک اور تکنیکی اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دی


اپنا تبصرہ لکھیں