لاہور: ٹی20 ورلڈکپ فائنل سے قبل اسٹار اسپنر شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم کو ہارنے کا خوف دل سے نکال کر میدان میں اترنے کا مشورہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ بیٹنگ، بولنگ میں پاکستان اور انگلینڈ ہم پلہ ہیں تاہم فیصلہ کن اور اعصاب شکن معرکے میں فیلڈنگ اہم فرق ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے زبردست میچز دیکھ کر مزا آرہا ہے، اس بار کولیفائی کرنا 92 کے ورلڈ کپ سے بھی زیادہ مشکل تھا، خواہش ہے کہ قومی ٹیم اس ورلڈ کپ کو ٹرافی کے ساتھ یادگار بنائے
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، بس ہارنے کا خوف دل سے نکال کر کھیلیں تو یہ فائنل جیت سکتے ہیں، بالرز نے پورے ورلڈ کپ میں زبردست پرفارم کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ سیمی فائنل میں پاکستان اپنی بہترین فیلڈنگ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوا، ہمیں بالرز کو کم از کم 160 بناکر دینا ہوں گے۔ میلبرن کی وکٹ دیکھ کر بتا سکتا ہوں کہ پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے یا بالنگ۔
بوم بوم آفریدی کا یہ بھی کہنا تھاکہ ملک میں کرکٹ ہی لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لاتی ہے، پاکستان اگر ٹرافی جیت کر لاتا ہے تو اس سے بڑی خوشی پورے پاکستان کے لیے کوئی اور نہیں ہوسکتی۔
سابق کپتان نے وننگ کمبینیشن برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے حارث کو اوپر کھیلایا جارہا ہے، حارث کے اوپر آنے سے بولرز پر پریشر آجاتا ہے۔