ٹی 20 کرکٹ ؛ سرفرازکامیاب ترین ملکی کپتان بن گئے

ٹی 20 کرکٹ ؛ سرفرازکامیاب ترین ملکی کپتان بن گئے


کراچی: 

 سرفراز احمد ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بن گئے، انھوں نے شعیب ملک کو پیچھے چھوڑدیا جنھوں نے85 میچز جیتے تھے۔

ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر سرفراز احمد ان دنوں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ویب سائٹ ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کی رپورٹ کے مطابق وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے کامیاب ٹی ٹوئنٹی کپتان بن گئے ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فاتح بنوانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نے یہ سنگ میل گزشتہ دنوں عبور کیا، ایونٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر سندھ کی ٹیم سردست 6 میچزمیں 4 فتوحات کے ساتھ نمایاں ہے۔

34 سالہ سرفراز بطور کپتان 140 میچز میں سے 86 جیتنے میں کامیاب رہے، ان کی جیت کا تناسب 61.4 بنا، 53 میچز میں ان کی ٹیم کو شکست ہوئی،سرفراز کی زیرقیادت پاکستان نے لگاتار 11 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل سیریز بھی جیت کر ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے،ان کے دور میں گرین شرٹس طویل عرصے نمبر ون رہے پھر بھی انھیں قیادت سے محروم کر دیا گیا تھا۔

ان سے قبل شعیب ملک مختلف ٹیموں کی قیادت کرتے ہوئے مختصر فارمیٹ کے 133میچز میں 85فتوحات اپنے نام کرنے میں سرخروہوئے تھے، 44میچز میں ناکامی ہوئی جبکہ 2 مقابلے ٹائی ہوئے۔

شعیب کی جیت کا تناسب 63.9 رہا، مصباح الحق بطور کپتان 99 میچزمیں 61 جیت اور 36 ناکامی کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں،2 میچز ٹائی ہوئے،ان کی فتح کا تناسب 61.6 ہے۔

محمد حفیظ 74 میں سے 48 میچز میں کامیاب اور 25 میں ناکام رہے،ایک میچ ٹائی ہوا، تناسب 64.9 رہا، شاہد آفریدی نے87 میں سے 46 میچز میں اپنی ٹیم کو فتح دلائی،40 میں ناکام ہوئی جبکہ ایک مقابلہ ٹائی ہوا، فتح کا تناسب 52.9 ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں