ٹی 20 کرکٹ؛ سلواوور ریٹ پر دورانِ میچ پنالٹی متعارف

ٹی 20 کرکٹ؛ سلواوور ریٹ پر دورانِ میچ پنالٹی متعارف


 لاہور: 

 انٹرنیشنل ٹی 20 کرکٹ میں سلواوور ریٹ پر دوران میچ پنالٹی متعارف کروا دی گئی جب کہ پیچھے رہ جانے والی ٹیم کو باقی اوورز میں مزید ایک فیلڈر 30 یارڈ دائرے کے اندر رکھنا پڑے گا۔کرکٹ کمیٹی سے منظوری پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 میچز کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردی ہیں،ان کا اطلاق رواں ماہ ہوجائے گا،مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت میں کم اوورز کروائے تو میچ میں پنالٹی کے تحت اننگز کے باقی اوورز میں مزید ایک فیلڈر کو30 یارڈ دائرے کے اندر رکھنا ہوگا،یاد رہے کہ ایک گھنٹے میں ہر ٹیم کو کم ازکم 14اوورز کرانا ہوتے ہیں۔

انجریز سمیت کسی بھی ناگزیز وجہ سے ہونے والے تعطل کو نکال کر اننگز کے وقت کا تعین امپائر کرتا ہے،اسی کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا ہے کہ کس ٹیم نے کتنے اوورز مقررہ وقت سے کم کروائے ہیں، اگر کسی وجہ سے میچ میں اوورز کی تعداد کم کردی جائے تب بھی مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز کا تعین امپائر ہی کرتا ہے۔

پلیئنگ کنڈیشنز میں حالیہ تبدیلی میں میچ کے دوران پنالٹی کی پالیسی پہلے سے وضع کردہ جرمانوں اور کپتان کو میچز کی مخصوص تعداد کیلیے معطل کرنے کے علاوہ ہوگی۔

پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے بریک لی جا سکتی ہے، مقابل ٹیمیں سیریز سے قبل متفق ہوں تو اس سہولت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

آئی سی سی کے ٹی 20 کیلیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ میں میچ سے ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں