ٹی 20 سیریز؛ حارث رؤف نے بنگلا دیش کو کمزور قرار دے دیا


لاہور: 

فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹی 20 سیریز میں بنگلا دیش ٹیم کو کمزور اور پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔

لاہور میں تربیتی کیمپ جوائن کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بگ بیش کیلئے کھیلنا الگ الگ چیزیں ہیں، ۔ہر لڑکے کا خواب ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ٹریک سوٹ پہنے ۔اتنی جلدی اس کی تعبیر کا نہیں سوچا تھا، یہ کتنا بڑا اعزاز ہے اب اس کا احساس ہو رہا ہے۔

حارث رؤف نے کہا کہ ٹیپ بال کا پروفیشنل کھلاڑی رہا، اب ہارڈ بال پروفیشنل کرکٹ شروع کرنے لگا ہوں قومی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد میری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلوں۔ ہوم سیریز میں ڈیبیو کرنا میری خوش قسمتی ہے۔کوشش ہے اس سیریز میں بہترین باؤلر بنوں۔ عاقب جاوید سے بہت کچھ سیکھا اب وقار یونس سے گیند کو ریورس سوئنگ کرنا سیکھ رہا ہوں۔ بگ بیش لیگ میں 150 سپیڈ سے باؤلنگ کی، کوشش ہے مزید تیز باولنگ کروں تاہم میرا مقصد زیادہ اسپیڈ نہیں لیکن 140 کی رفتار سے تسلسل سے باؤلنگ کرنا چاہتا ہوں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے بنگلا دیش ٹیم کو کمزور ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا اس ٹیم میں کوئی ایسا بلے باز نہیں جس سے خطرہ ہو۔ اس لیے کسی ایک بیٹسمین کا ٹارگٹ نہیں کیا۔ سب کو جلد پویلین بجھوانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی ٹیم اس سیریز میں فیورٹ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں